او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کے موقع پر اردن کے وزیر خارجہ ایمن صفادی کی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات


 اسلام آباد:او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کے موقع پر اردن کے وزیر خارجہ ایمن صفادی کی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات،وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اردنی ہم منصب کو پاکستان تشریف آوری پر خوش آمدید کہا۔ اردنی وزیر خارجہ نے شاہ اردن کیطرف سے پاکستانی قوم کو محبت اور خیرسگالی کا پیغام پہنچایا۔ اس موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور اردن کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں جو ہماری مشترک ثقافت اور تاریخی اقدار سے جڑے ہوئے ہیں۔وزیر خارجہ نے پاکستان اور اردن کے درمیان بہتر پالیسی کوآرڈینیشن اور دو طرفہ روابط کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان اردن مشترکہ وزارتی کمیشن (JMC) اور دونوں ممالک کی وزارتِ خارجہ کے درمیان جلد مذاکرات کے انعقاد کے منتظر ہیں۔ پاکستان اور اردن کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم بڑھانے کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔ وزیر خارجہ نے اردنی وزیر خارجہ کی توجہ، اردن میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل کی جانب مبذول کروائی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، مارچ 2022 میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس کی میزبانی کیلئے تیار ہے۔ یکے بعد دیگرے دو وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاسوں کی میزبانی، مسلم امہ کیلئے پاکستان کی سنجیدہ سوچ کی ترجمانی کرتی ہے۔ پاکستان، او آئی سی کو مسلم امہ کی مستحکم آواز جانتے ہوئے، اسلامو فوبیا، امن و سلامتی اور دیرینہ تنازعات کے حل کیلئے او آئی سی کے موثر کردار کا متقاضی ہے۔ چالیس سال کی جنگ و جدل کے بعد افغانستان میں قیام امن کا موقع میسر آ رہا ہے۔ افغانستان میں ابھرتے ہوئے انسانی بحران کے لیے فوری اقدامات نہ کیے گئے تو اس کے اثرات ہمسایہ ممالک، خطے اور دنیا بھر کیلئے مضر ہو سکتے ہیں۔ ہم مسئلہ کشمیر کے حوالے سے او آئی سی کی مسلسل اور غیر متزلزل حمایت پر او آئی سی کے شکر گزار ہیں۔ ستاون مسلم ممالک کی آواز کی حامل او آئی سی، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے موثر کردار ادا کر سکتی ہے ،اردن کے وزیر خارجہ ایمن صفادی نے پر خلوص میزبانی پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں دورہ اردن کی دعوت دی۔


Post a Comment

0 Comments