پاک بحریہ کے جہاز عالمگیر کا ٹیما، گھانا کا دورہ اور فری میڈیکل کیمپ کا قیام

اسلام آباد: پاک بحریہ کے جہاز عالمگیر نے گھانا کی بندرگاہ ٹیما کا دورہ کیا اور جذبہ خیر سگالی کے طور پر فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا۔ ٹیما بندر گاہ آمد پر گھانا میں پاکستان کے دفاعی اتاشی اور گھانا کے بحری حکام نے پاک بحریہ کے جہاز کا استقبال کیا۔

بندرگاہ کے دورے کے دوران، مشن کمانڈر نے پی این ایس عالمگیر کے کمانڈنگ آفیسر کے ہمراہ گھانا کی عسکری قیادت بشمول چیف آف ڈیفنس اسٹاف، چیف آف دی نیول اسٹاف اور ایسٹرن نیوی کے کمانڈر سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر گفت و شنید کے علاوہ تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ مشن کمانڈر نے چیف آف دی نیول اسٹاف کی جانب سے گھانا کی عوام بالخصوص گھانا کی بحریہ کے لئے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔

پاکستان نیوی کی جانب سے جذبہ خیر سگالی اور انسانی ہمدردی کے تحت فری میڈیکل کیمپ لگایا گیا۔ پاک بحریہ کے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکس کی خصوصی ٹیم نے 3000 سے زائد مریضوں کو طبی علاج اور ادویات فراہم کیں۔ میڈیکل کیمپ کے دوران COVID-19 ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا گیا۔ پاک بحریہ کی جانب سے فری میڈیکل کیمپ کے قیام کو مقامی لوگوں نے سراہا۔

دورے کے اختتام پر پی این ایس عالمگیر نے گھانا کی بحریہ کے جہاز کے ساتھ دو طرفہ مشق میں شرکت کی جس سے دونوں بحری افواج کے مابین مشترکہ آپریشنز کی صلاحیتوں کو فروغ ملے گا۔


Post a Comment

0 Comments